جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت امریکی غداری اقدام تھا۔ وینزویلا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وینزویلا کے وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام میں ایرانی مسلح افواج، پاسداران انقلاب فورس اور جنرل سلیمانی کی بیش بہا خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے جنرل سلیمانی کی شہادت سے سنگین غداری کی کیونکہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعمیری کردار ادا کیا۔
ان خیالات کا اظہار ایران کے دورے پر آئے ہوئے ’’خورخہ آرر آسا‘‘ نے منگل کے روز ایران میں قائم وینزویلا کے سفارتخانے میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ اور امن کی توسیع کے مقصد سے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف امریکی اقدامات اور پابندیوں کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے ایرانی صدر کی جانب سے وینزویلا کی حمایت پر تبصرہ کرتے ہوئے تمام شعبوں بالخصوص ثقافتی میدان میں ایران سے تعلقات کے فروغ پر دلچسپی کا اظہار کردیا۔
وینزویلا کے وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کردیا کہ آئندہ مہینوں کے دوران، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے مشترکہ کمیشن کا انعقاد ہوگا جس سے توانائی، غذائی صنعت، ادویات، اور طبی ساز و سامان کے شعبے میں باہمی تعاون کا فروغ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 اگست کو ایران اور وینزویلا کے درمیان تذویراتی تعلقات کے 17 ویں سالگرہ کو منائیں گے اور باہمی تعلقات کے فروغ پر کسی بـھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے۔