مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

جلد از جلد فلسطین سے نکلو، جنرل اسماعیل قاآنی کا اسرائیلیوں کو پیغام

شیعہ نیوز:سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ جو بھی مقاومت کا ساتھ دے گا وہ فاتح ہوگا، دشمن کو مقاومت کی عظمت کا پتہ چل گیا ہے کیونکہ گزشتہ 20 سال میں دشمنوں نے اپنے پالتو اسرائیل اور سعودی عرب کو علاقے کے عوام پر چھوڑ رکھا ہے اور اس مقصد کے لئے انہوں نے 7 ہزار بلین ڈالر خرچ کئے ہیں لیکن اس کا نتیجہ ان کی شکست کی صورت میں نکلا ہے۔ شہید حسن ایرلوکی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قاآنی نے مزید کہا کہ استقامتی فورسز نے ان برسوں میں خالی ہاتھوں امریکہ اور اس کی سازشوں کو شکست دی ہے، پیغمبر اسلامؐ کے معنوی فرزند میدان میں خالی ہاتھوں دنیا کی طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ گئے لیکن سربلند ہوئے، یہ وہ ہیں جنہوں نے مکتب اسلام و انقلاب سے حریت و آزادی کی نورانی راہ تلاش کرلی ہے اور فاتح قرار پائے ہیں۔

قدس فورس کے کمانڈر نے مزید کہا کہ اگر ہم عالم استکبار کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں مزاحمت و استقامت کی راہ اپنانا ہوگی اور خدا کا شکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران استقامت کے مختلف میدانوں میں رول ماڈل بن گیا ہے۔ جنرل اسماعیل قاآنی نے اصلی دشمن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب تو امریکہ کا پالتو ہے اور وہ اس قابل نہیں کہ اُسے اپنا دشمن سمجھا جائے۔ انہوں نے دشمن طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن جان لیں کہ انہیں سبق سکھایا جائے گا، ایران استقامت و پامردی کا مرکز اور ہر با شرف انسان کے لئے قوت قلب کا درجہ رکھتا ہے۔

سپاہ قدس کے کمانڈر نے مزید کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں استقامتی محاذ کی فورسز جس میدان میں بھی وارد ہوئی ہیں، وہاں پر امریکہ اور اسرائیل کو شکست دی ہے اور دشمن پسپائی کر رہا ہے اور دشمنوں کے ہاتھ بدبختی کے سوا کچھ نہیں آیا، دشمن مردِ میداں نہیں جو ہم سے آکر آمنے سامنے کا مقابلہ کرے بلکہ وہ اپنی پست فطرت کے باعث اپنے تکنیکی حربوں کے ذریعے اپنے میڈیا میں یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ اُسے کامیابی مل رہی ہے۔ جنرل قاآنی نے صیہونی ریاست کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ہر روز 50 آپریشن صرف مغربی کنارے میں ہو رہے ہیں، غاصب صیہونی ریاست کی حالت پتلی ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ہم پر جتنا دباؤ ڈالیں گے، ہم اس دوگنا دباؤ ان پر ڈالیں گے، جس دن انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا تو اس دن ہم نے ان سے کہا تھا کہ تم اپنے گھر بیچ کر یہاں سے نکل لو اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں نے اسرائیل سے باہر نکلنے کے لئے ایک تنظیم بنا دی ہے اور اب وہ دن دور نہیں کہ جب فلسطینی عوام صیہونیوں کو اپنی سرزمین سے باہر نکال پھینکیں گے، آج اسرائیل بہت شدید دباؤ میں ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کی برکت سے ان کا فخریہ راستہ عزت اور طاقت سے جاری رکھا جائے گا، قائد انقلاب اسلامی پوری قوت، استحکام اور پامردی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے فولادی عزم کے ساتھ کشتی انقلاب اسلامی کو آگے لے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button