
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر بغداد عبد المطلب العلوی کی ملاقات
ملاقات کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے ایس آئی ایف سی، ون ونڈو آپریشن منصوبے کا آغاز کیا ہے، عراقی سرمایہ کاروں کو بھی ایس آئی ایف سی کے ذریعہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں
شیعہ نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بغداد میں گورنر بغداد عبد المطلب العلوی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون، معیشت سمیت اہم شعبوں میں اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستانی سفیر محمد ذیشان، بوہرا کمیونٹی کے معزز اراکین اور دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔ گورنر سندھ نے نجف میں مولا علیؑ اور کربلا میں امام حسینؑ و مولا عباسؑ کے مزارات پر حاضری دی جس پر گورنرز نجف و کربلا سے اظہارِ تشکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیتن یاہو اور گیلانٹ اشتہاری ہیں، اسرائیلی درخواست قبول نہیں، عالمی فوجداری عدالت
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے ایس آئی ایف سی، ون ونڈو آپریشن منصوبے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی سرمایہ کاروں کو بھی ایس آئی ایف سی کے ذریعہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔ گورنر بغداد عبد المطلب العلوی نے مشترکہ تعاون، تجربات کے تبادلے، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔