ملکی ترقی کے حکومتی دعوے اخباری بیان اور جلسوں تک محدود ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ترجمان علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں، سرکاری اداروں کا کوئی پُرسان حال نہیں، صحت توانائی اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے تمام شعبے عوام کو سہولیات کی بجائے مشکلات سے دوچار کرنے میں مگن ہیں، ملک کے بیشتر حصوں میں گیس کی عدم فراہمی، طبی سہولتوں کے فقدان اور تعلیمی اداروں کی حالت زار نے عام عادمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، کرپٹ حکمران کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے، انہیں ملک کی عوام سے کوئی غرض نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پُرتعیش سفری سہولیات کا نام ترقی نہیں بلکہ عام آدمی کے معمولات زندگی کو بہتر بنایا جائے، جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگے، مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں، جہاں عصمت دری کی شکار خواتین کو انصاف نہ ملنے پر خودکشی کرنا پڑے، جہاں دودھ کے نام پر مُردوں کو حنوط کرنے والے کیمیکل سے تیار شدہ محلول فروخت ہوتا ہو، جہاں عوام کو حلال کے بجائے حرام جانوروں کا گوشت فروخت کیا جائے، وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں عزاداری پر ایف آئی آرز کے خلاف جلد بڑا قدم اٹھائیں گے
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ’لوٹنے دو کی پالسی“ کو شعار بنا رکھا ہے، اہم قومی اداروں کے قلمدان نااہل افراد کو محض اس لئے سونپے جا رہے ہیں تاکہ میڈیا میں حکومت کا بھرپور دفاع ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اگر ”ذاتی کاموں“ سے فرصت ملے تو قومی امور پر بھی توجہ دے، اسکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے، پڑھے لکھے بےروزگار افراد کو باوقار روزگار فراہم کرنا بھی ریاست کی ہی ذمہ داری ہے۔