ہفتہ وحدت عالمِ اسلام کے درمیان اخوت و بردباری کا پیغام دیتا ہے، جے ایس او
شیعہ نیوز: ترجمان جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان برادر ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ رسولؐ خداﷺ کی ولادت کا ہفتہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور اس سلسلے میں ملک بھر میں وحدت اسلامی کے عنوان سے کانفرنسسز، ریلیاں اور سیمیناز منعقد کیے جائیں گےاور بیشتر مقامات پر میلاد ریلیوں کا جعفری جوان بھرپور استقبال بھی کریں گے۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اس ہفتہ کے منانے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اہلسنت مسلمانوں کے ہاں پیغمبر اکرم محمد مصطفیٰ ﷺکا یوم ولادت باسعادت بارہ ربیع الاول، جبکہ شیعہ مسلمان سترہ ربیع الاول کو یوم ولادت باسعادت کا جشن مناتے ہیں۔ گذشتہ کچھ دہائیوں سے اس ہفتہ کی مناسبت سے دنیا بھر میں اتحاد و وحدت کو فروغ دینے کے لیے تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور 12 سے 17 ربیع الاول کے درمیان سنی شیعہ مل کر مختلف پروگرام منعقد کرتے ہیں۔
اس موقع پر برادر ذیشان حیدرنے مزید کہا کہ ولادت رسولِ اکرم ﷺ کےخشیوں بھرے مبارک ایام ہیں، ان حالات میں نبی اکرمﷺ کی ذات گرامی کیخلاف ناپاک مہم جاری ہے، بدزبان اور دوسروں کے جذبات کو سمجھنے سے عاری لوگ ہمارے قلوب کو زخمی کر رہے ہیں، یہ ایام ولادت جو ہفتہ وحدت کے عنوان سے منائے جا رہے ہیں، ان کا تقاضا ہے کہ امت حرمت رسولﷺ کے معاملے پر ایک ہو جائے، ہمارا عشق رسولﷺ ہم سےاتحادو وحدت کا مطالبہ کرتا ہے ہم متحد ہو جائیں گے تو انشاء اللہ کسی کو ہمارے جذبات کوٹھیس پہنچانے کی جرات نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی عزت اسلام اور اہل اسلام کی عزت ہے ہر مسلمان وہ مشرق میں ہو یا مغرب میں ہو، وہ نبی اکرمﷺ سے عشق و عقیدت کا رشتہ رکھتا ہے، ہم گناہ گار ہیں، اعمال میں کوتاہی ہو جاتی ہے اسی طرح بہت سے غلط عمل بھی کر بیٹھتے ہیں مگر عشق پیغمبرﷺ ایسی چیز ہے جس پر کسی قسم کی کوئی سودے بازی نہیں ہوسکتی فرانس کی مسلم مخالفت کی ایک تاریخ ہے اور حالیہ توہین آمیز اقدامات کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ہر مسلمان کے ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ وہ تن من دھن سے آقا پر جان قربان کرنے کے لیے آمادہ رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خداوند کریم کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ مملکت پاکستان کو دن دگنی رات چگنی ترقی عطاء فرمائے اور وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنائے۔ (آمین)