مشرق وسطی
صیہونی حکومت مستقل جنگ بندی نہیں چاہتی: حماس
شیعہ نیوز:حماس کے سینیئر رہنما اسامہ حمدان نے بیروت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے کسی بھی معاہدے کو مسترد کرتے ہیں جس میں غزہ پٹی سے غاصب صیہونی فوجیوں کا انخلاء، مستقل جنگ بندی اور قیدیوں کا تبادلہ شامل نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ثالثوں کی جانب سے پانچ مئی کو پیغام موصول ہوا تھا جس کا ہم نے چھے مئی کو جواب دے دیا تھا اور اپنی رضامندی کا اعلان کر دیا تھا لیکن دوسری جانب صیہونی حکومت نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا۔
اسامہ حمدان نے مزید کہا کہ غاصب صیہونی حکومت چاہتی ہے کہ اپنے قیدیوں کو واپس لے کر پھر سے جنگ شروع کر دے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر منصفانہ معاہدہ نہ ہوا تو صیہونی حکومت کو اسرائیلی قیدیوں کا سایہ تک دیکھنے کو نہیں ملے گا۔