اسلامی تحریکیں

حماس کا فلسطینی نسل کشی کے خلاف یوم الغضب اور عالم گیر احتجاج کی اپیل

شیعہ نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی افواج غزہ میں وحشیانہ نسل کشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فضائی بمباری، توپخانے کی گولہ باری اور آگ اور بارود برساتے جنگی طیاروں کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے رہائشی علاقوں، پناہ گزینوں کی خیمہ بستیوں، ہسپتالوں اور پناہ مراکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

حماس نے ایک بیان میں بتایا کہ قابض فوج کے تازہ ترین حملوں میں کل فجر سے اب تک 120 سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں وہ خاندان بھی شامل ہیں جو مکمل طور پر صفحۂ ہستی سے مٹا دیے گئے۔ ان دل دہلا دینے والے مناظر میں اجتماعی قتل عام کی وہ درندگی چھپی ہے جو اس قابض صہیونی ریاست کی وحشی فطرت اور فاشزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں زور دیا کہ جنگی مجرم بنجمن نیتن یاھو کا اپنی نسل کشی کی مہم جاری رکھنے پر اصرار اور فلسطینی عوام کی مزاحمتی قوت کو توڑنے کے لیے محاصرے اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ایک سنگین جنگی جرم ہے۔ یہ انسانیت کے چہرے پر وہ بدنما داغ ہے، جسے دنیا کی خاموشی اور بے بسی مزید گہرا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نکبہ کی 77ویں برسی: غزہ میں جاری نسل کشی نے 1948ء کے ہولناک زخم تازہ کر دیے

بیان میں کہا گیا کہ بچوں اور عورتوں کا قتل اور شہری آبادی کو بھوکا رکھنا، اب قابض اسرائیل کی سرکاری پالیسی بن چکی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کو کھلا چیلنج دینے والا یہ طرز عمل پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔

حماس نے واضح کیا کہ اب رسمی بیانات اور زبانی مذمتیں کافی نہیں رہیں، دنیا کو چاہیے کہ سخت اقدامات کرے، قابض ریاست پر پابندیاں لگائے، اس کے جنگی مجرموں کو عالمی عدالتوں میں کٹہرے میں لائے اور ہر سطح پر اس مجرمانہ ریاست کی حمایت بند کی جائے۔

حماس نے عرب ممالک، مسلم دنیااور دنیا بھر کے باہوش انسانوں سے اپیل کی ہے کہ جمعے، کل ہفتے اور اتوار کو "ایامِ غضب” کے طور پر منایا جائے۔ سڑکوں پر آئیں، احتجاج کریں، مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف جاری اس نسل کش جنگ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کریں اور دنیا کو قابض اسرائیل کی جرائم پیشہ فطرت سے آگاہ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button