حماس کیجانب سے ایرانی صدر کی شہادت پر رہبر انقلاب سے اظہار تعزیت
شیعہ نیوز: فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس” نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی اعلیٰ حکام کی شہادتوں پر اظہار افسوس کیا۔ حماس نے خداوند متعال سے شہداء کے لئے اعلیٰ درجات کی درخواست کی۔ انہوں نے پروردگار عالم سے اپنی برادر ایرانی عوام اور شہداء کے لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی۔ مصیبت کی اس گھڑی میں فلسطین کی مقاومتی تحریک نے ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا کہ ہم اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حماس نے کہا کہ یہ شہداء، ایرانی تحریک سمیت مسئلہ فلسطین پر اپنے عظیم موقف اور صیہونی رژیم کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز و قانونی جدوجہد کی حمایت میں ایک ثمر آور کردار تھے۔ انہوں نے ہمیشہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم کو روکنے کے لئے سیاسی و سفارتی کوششیں کیں۔
حماس نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران الله تعالیٰ کی مدد سے اس عظیم سانحے کے نتائج پر قابو پا لے گا کیونکہ ایران کے پاس ایسا بے مثال نظام موجود ہے جو اس بڑی آفت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آیت الله سید ابراهیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو اس وقت حادثہ پیش آیا جب وہ قیز قلعہ ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد تبریز جا رہے تھے۔ اس دوران اُن کے ہمراہ وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللهیان”، نمائندہ ولی فقیہ و امام جمعہ تبریز "آیت الله آل هاشم” اور صوبہ آذربائیجان شرقی کے گورنر تھے، جو تمام کے تمام شہادت پا گئے۔