نتن یاہو کی دھمکی پر تحریک حماس نے الٹا اسرائیل کو دھمکایا
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت جاری رہنے کی صورت میں فلسطین کی تحریک مزاحمت ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف جنگ کرنے سے ہرگز گریز نہیں کرے گی.
غاصب صیہونی حکومت نے جمعرات کی شب غزہ میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس سے وابستہ ایک دفاعی ٹھکانے کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا جس کے ردعمل میں غزہ سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر تین راکٹ فائر کئے گئے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی معاً کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے جمعے کے روز فلسطین کی تحریک مزاحمت کے بہادروں کے جوابی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کا جواب یہ پیغام دیتا ہے کہ تحریک استقامت و مزاحمت فلسطینی قوم کی ڈھال ہے اور اگر غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جنگ سے گریز نہیں کیا جائے گا۔
غاصب صیہونی حکومت کے چینل بارہ نے بھی یہ اعتراف کیا کہ تحریک حماس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں قتل و غارتگری دوبارہ شروع کرنے کی صورت میں تل ابیب کو میزائلوں سے نشانہ بنا کر اس شہر کو جہنم میں تبدیل کر دیں گے۔
تحریک حماس کی جانب سے یہ انتباہ در حقیقت غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعطم بنیامین نتن یاہو کے بیان پر ردعمل ہے۔ نتن یاہو نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ اسرائیل کے علاقے میں غزہ سے آتشیں مواد کے حامل بیلون چھوڑے جانے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو غزہ سے میزائل حملے کے مترادف سمجھا جائے گا۔
نتن یاہو نے اسی طرح فلسطینیوں کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی اور کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس اور جہاد اسلامی کو جان لینا چاہئے کہ جو کچھ ان کے ساتھ پہلے پیش آیا تھا منجملہ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ، اس بار اور بھی تیز کر دیا جائے گا۔
صیہونی حکومت نے جمعرات کے روز غزہ کو دو بار وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے توپ خانے اور جنگی طیاروں نے غزہ کے مشرقی اور مغربی علاقوں پر حملے کئے۔ ابھی ممکنہ نقصان کے بارے میں رپورٹ نہیں ملی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ پر حالیہ ہفتوں میں غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور توپ خانوں کے حملے تیز ہو گئے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت نے دسمبر دو ہزار سترہ سے غزہ پر فضائی حملوں کا نیا دور شروع کر رکھا ہے۔ یہ حملے مختلف طرح کے بے بنیاد بہانوں سے کئے جا رہے ہیں۔