حضرت محمدمصطفیٰؐ اور امام جعفر صادق ؑکی شب ولادت باسعادت کا جشن
شیعہ نیوز: پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ملکوں میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی شب ولادت کی مناسبت سے جشن و محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔
اس پر برکت موقع کی مناسب سےپاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوںمیں محافل میلادکی تقریبات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ان تقریبات میں علماء و ذاکرین رسول اسلام (ص) اور حضرت امام جعفرصادق (ع) کی سیرت طیبہ پر روشنی اور فضائل و مناقب بیان کریں گے۔
پاکستان میں اس موقع پر اتحاد بین المسلمین کے دلفریب مناظر بھی نظرآ رہے ہیں کیونکہ شیعہ سنی مسلمان مل کر حضرت ختمی مرتبت اور صادق آل محمد (ع) کی شب ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں اور حکومتی سطح پر بھی ہفتہ عشق رسول ﷺ منایا جارہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اہلسنت بارہ ربیع الاول کو رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا یوم ولادت باسعادت مناتے ہیں جبکہ شیعہ مسلمانوں کی روایت کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت سترہ ربیع الاول ہے۔
حضرت امام خمینی رح نے اتحاد بین مسلمین کو فروغ دینے کی غرض سے 12سے 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا عنوان قرار دیا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسی مناسبت سے بارہ ربیع الاول سے لے کر سترہ ربیع الاول تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔
شیعہ نیوز نیٹ ورک کی جانب سے قارئین کی خدمت میں خاتم الانبیاء حضرت محمدﷺ اور فرزند رسول امام جعفر صادق ؑکی شب ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش ہے۔