
نتن یاہو نے ایرانی سائنسدانوں کے قتل کی ذمہ داری قبول کرلی
شیعہ نیوز: صہیونی وزیراعظم نتن یاہو نے بالآخر اعتراف کرلیا ہے کہ اسرائیل نے ماضی میں ایرانی سائنسدانوں کے قتل کی کارروائیاں کی ہیں۔ یہ اعتراف پہلی بار کسی اعلی صہیونی عہدیدار کی طرف سے علی الاعلان سامنے آیا ہے، جبکہ اس سے قبل اسرائیلی حکام ہمیشہ ان حملوں کی تردید کرتے آئے ہیں۔
فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں نتن یاہو نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم پہلے بھی ایرانی سائنسدانوں کو ختم کر چکے ہیں، لیکن حالیہ جنگ میں ہم نے مزید نمایاں اور مؤثر شخصیات کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صہیونی حکومت کو اندرون و بیرون ملک غزہ میں جاری جنگ اور ایران کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر میں شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے، جس سے انہیں ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
نتن یاہو نے اپنی گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر عرب ممالک سے تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اسرائیل غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے لیے ایک نئے معاہدے پر کام کر رہا ہے۔ حالیہ امریکی دورے کے دوران انہوں نے اس سلسلے میں ٹرمپ سے بات چیت کی ہے۔
صہیونی وزیر اعظم نے ایک بار پھر حماس کی مکمل نابودی کا دعوی دہرایا اور کہا کہ اسرائیل اپنے تمام مقاصد حاصل کر کے رہے گا۔