حزب اللہ کا شمالی اسرائیل میں فوجی چھاؤنی ايليت حشار پر ڈرون حملہ
شیعہ نیوز: لبنان کی سرکردہ مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے ڈرون طیاروں کے ذریعے شمالی اسرائیل میں واقع چھاؤنی ايليت حشار میں نائنٹی فرسٹ (91) ڈویژن کی کمان کو نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے پیر کی صبح جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ "ڈرون طیاروں کے ذریعے ہونے والے اس حملے میں متعدد فوجی اہل کار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں”۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بتایا ہے کہ لبنان کی سمت سے آنے والا ایک ڈرون طیارہ شمالی اسرائیل کے علاقے ايليت حشار میں دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ اس سے قبل اس ڈرون نے وہاں ایک فوجی اڈے کو نقصان پہنچایا تھا۔ حملے میں دو اسرائیلی فوجی اہل کار زخمی ہو گئے جن میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف انتہاپسندوں کی غنڈہ گردی
اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق شمالی اسرائیل میں کریات شمونہ اور کئی دیگر قصبوں میں ڈرون طیاروں کی دراندازی کے اندیشے کے سبب خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ اسی طرح اسرائیلی فوج نے بتایا کہ شمالی اسرائیل میں ایک علاقے (ايليت حشار) میں یہ سائرن بجائے گئے۔
بدھ کے روز ایرانی دار الحکومت تہران میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اس سے ایک روز پہلے بیروت میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ کا ایک سینئر عسکری کمانڈر فؤاد شکر شہید ہوئے تھے۔
ایران اور حماس نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے انتقام کی دھمکی بھی دی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے نہ ہنیہ کی شہادت کی ذمے داری قبول کی ہے اور نہ اس کی تردید کی۔