
حزب اللہ کے میزائل اسرائیل کے لیے اسٹریٹیجک خطرہ، ایویگڈور لیبرمین
شیعہ نیوز: غاصب صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ ایویگڈور لیبرمین نے حزب اللہ کے میزائلوں کو اسرائیل کے لیے اسٹریٹیجک اور ناقابل برداشت خطرہ قرار دیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ ایویگڈور لیبرمین نے کہا کہ حزب اللہ کی روز افزوں صلاحیت اور توانائی اسرائیل کے لیے ایک اسٹریٹیجک مسئلہ ہے اور کوئی بھی سیاسی فیصلہ اسے حل نہیں کرسکتا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی لبنان کے شہر بیت لیو کے نواحی علاقوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ
رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ نے نیتن یاہو کی کابینہ کو خبردار کیا کہ اگر اس نے حزب اللہ کے ساتھ توازن کو تبدیل نہیں کیا تو مقبوضہ علاقوں کے شمال میں شہریوں کی زندگیاں سنگین خطرات سے دوچار ہوجائیں گی۔
ایویگڈور لیبرمین کا یہ انتباہ مقبوضہ علاقوں کے شمال میں صیہونی حکومت کے ایک فوجی ہیڈ کوارٹر پر حزب اللہ کے میزائل حملے کے بعد آیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے پیر کی شام اعلان کیا تھا کہ مشرقی لبنان کے شہر بعلبک کے اطراف میں غاصب دشمن کے حملے کے جواب میں اس نے "نفح” میں صیہونی حکومت کی جولان بریگیڈ کے ہیڈ کوارٹر پر 60 کیٹیوشا راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ صیہونی حکومت کے بعض ذرائع نے جولان میں رویسات العلم فوجی اڈے کو نشانہ بنائے جانے کی بھی خبر دی ہے۔