
اسرائیل کے حالیہ جرائم کے بعد آیت اللہ نوری ہمدانی کی خصوصی تحریر و پیغام
شیعہ نیوز:صیہونی حکومت کو فریب، دھوکے اور جعلسازی کے ذریعے بنایا گیا تھا، اس لیے وہ دوسرے ممالک پر حملوں کو اپنی بقاء کی ضمانت سمجھتی ہے۔ ایک دن، غزہ کے معصوم اور نہتے عوام، ایک دن جنوبی لبنان اور شام اور آج یہ جارح حکومت ایران پر اپنی جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے۔ اس جارحیت کی کوئی حد نہیں ہے۔ قم سے تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مرجع تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی نے صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم کے بعد تسنیم نیوز ایجنسی کو درج ذیل تحریر فراہم کی ہے۔ ان دنوں ہم اپنے پیارے ملک اسلامی ایران کے خلاف ظالم صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ یہ حکومت جعلسازی کے ذریعے بنائی گئی تھی، اس لیے یہ دوسرے ممالک پر حملہ کرکے اپنی بقا پر یقین رکھتی ہے۔ ایک دن، یہ غزہ کے معصوم اور نہتے لوگوں پر، ایک دن جنوبی لبنان اور شام پر اور آج، ایران پر جارحیت کر رہی ہے۔ یہ کل کسی اور ملک پر حملہ کرے گی اور اس کی جارحیت کی کوئی حد نہیں ہے۔
صیہونی حکومت، بین الاقوامی اصولوں کے برعکس، رہائشی علاقوں اور اسپتالوں پر حملے کرکے اپنی حیوانیت اور متکبرانہ فطرت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ جنگوں میں صحافیوں پر واقعات کے رپورٹنگ کرتے وقت حملہ نہیں کیا جاتا۔ لیکن یہ حکومت آج تک سینکڑوں صحافیوں کو شہید کرچکی ہے اور گزشتہ دنوں ایک بزدلانہ حملے میں ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی عمارت پر حملہ کرکے اپنی وحشیانہ نوعیت کا باقاعدہ اظہار کیا ہے۔ البتہ اس حملے کے باوجود ایرانی براڈکاسٹنگ کارپوریشن آئی آر آئی بی کے ملازمین بھرپور طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان دنوں مرحوم امام خمینی (رح) کے الفاظ واضح ہو کر سامنے آرہے ہیں۔ آپ نے فرمایا تھا "ہماری قوم اسلام کے ابتدائی دور کے لوگوں سے بہتر ہے۔” دنیا نے دیکھا کہ ایرانی عوام نے تمام تر مسائل کے باوجود کس طرح اپنے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا اور کئی سیاسی گروہ جو باہم اختلافات رکھتے تھے اور تقسیم تھے، اب دشمن کے خلاف کیسے متحد ہوگئے ہیں۔
یہ اتحاد اور یکجہتی جاری رہنی چاہیئے اور رہبر معظم انقلاب کی یہ حمایت جو حکمت و فہم کے ساتھ رہبری کر رہے ہیں، پہلے سے زیادہ مستحکم اور زیادہ ہونی چاہیئے۔اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج، انٹیلی جنس اداروں اور سکیورٹی سروسز کی بھرپور حمایت بھی بہت ضروری ہے، تاکہ ان شاء اللہ وہ پہلے سے زیادہ مضبوطی سے جارحیتوں کو جواب دے سکیں اور ہمارے بےگناہ عوام، قائدین اور فوجی کمانڈروں کے خون کا بدلہ لے سکیں۔ (اے ایمان والو، اگر تم مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جمائے گا۔(تمہیں ثابت قدم رکھے گا)
آیت اللہ نوری ہمدانی نے اپنے ایک پیغام میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے موقف کی حمایت میں ایک پیغام جاری کیا ہے، جو درج ذیل ہے:
اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
امریکہ کے مجرم صدر، (جس کے سیاہ ریکارڈ میں سوائے قتل، لوٹ مار اور قتل و غارت کے کچھ نہیں ہے اور جس نے سفاک صیہونی حکومت کے جرائم کی مسلسل حمایت کی ہے) نے انقلاب اسلامی کے اقتدار اور رہبری کے بارے میں احمقانہ تبصرہ کرنے کی جرات کی ہے۔ رہبر انقلاب کی عظیم شخصیت اسلام کی عظمت کی علمبردار اور موجودہ دور میں ملت اسلامیہ کے مظلوموں کی مددگار اور فریاد رس ہے۔ استکباری لیڈروں کی رہبر انقلاب سے دشمنی اور ان کی انتہائی بے بسی دراصل اسلامی بیداری کے پھیلنے اور پوری دنیا میں مزاحمتی گفتگو کے موثر ہونے کی وجہ سے ہے۔
ہم اعلان کرتے ہیں کہ امت اسلامیہ کی عظیم حکومت اور قیادت پر کوئی بھی حملہ اسلام کی بنیاد اور تمام مسلمانوں کی زندگیوں پر حملہ تصور کیا جائے گا اور ایران کی مومن قوم اور دنیا کے تمام آزاد لوگوں کی طرف سے اس کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ امریکہ اور اس کے ظالم حکمرانوں کو جان لینا چاہیئے کہ یہ دھمکیاں نہ صرف ہماری قوم کے جذبہ حریت میں کوئی خلل نہیں ڈالیں گی بلکہ امت اسلامیہ کی صفوں کو مزید مضبوط کریں گی۔ سب جان لیں کہ خدا تعالیٰ کا وعدہ اٹوٹ ہے: "وَلَیَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ یَنْصُرُهُ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِیٌّ عَزِیزٌ”، "اور جو اللہ کی مدد کرے گا، اللہ اس کی مدد کرے گا۔ بے شک اللہ زبردست اور غالب ہے۔”