ہند و پاک کے درمیان اختلافات حل کرانے میں مدد کی پیشکش
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شنگھائی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری نے ہندوستان اور پاکستان کے اختلافات کو حل کرانے میں مدد کی پیشکش کی ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری ولادیمیر نوروف نے ہندوستان و پاکستان کے اختلافات حل کرانے پر آمادگی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ ہندوستان و پاکستان کے مسائل کا تعلق ان دونوں ملکوں سے ہے تاہم تنظیم کے رکن ممالک ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورت حال سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔
انھوں نے مزید کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
کشمیر کے مسئلے پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد اسلام آباد نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی قوتوں سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے پانچ اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اعلان کردیا جس پر کشمیر اور پاکستان میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہو رہا ہے۔
اس وقت کشمیر کا ایک حصہ ہندوستان کے کنٹرول میں جبکہ دوسرا پاکستان کے کنٹرول میں ہے۔
ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی پورے کشمیر پر اپنی ملکیت کا دعوی کرتے ہیں اور یہ مسئلہ انیس سو سینتالیس سے اب تک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تنازعہ کی اصلی وجہ بنا ہوا ہے۔