حریت رہنماؤں کا کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت
شیعہ نیوز: بھارتی کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو آج ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قتل عام کے تمام دلدوز واقعات کی غیر جانبدارانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مجرم بھارتی فوجیوں کو سزا دی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 27 جنوری 1994ء کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے ایک دن بعد کپواڑہ قصبے میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 27 شہریوں کو شہید کیا تھا۔
قابض فوجیوں نے یہ قتل عام 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے روزہڑتال کرنے پر لوگوں کو سزا دینے کے لیے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : دونوں ملکوں کے عوام اور حکام، ہمیشہ کی طرح اچھے تعلقات کی بحالی سے خوش ہیں، امیری مقدم
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، عبدالاحد، عبدالصمد انقلابی، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وسیم، مولانا مصعب ندوی، تحریک حریت جموں و کشمیر، ڈیموکریٹک فریڈم موؤمنٹ اور انسانی حقوق کے کشمیری کارکن محمد احسن اونتو نے سری نگر سے جاری اپنے بیانات میں کہا کہ کپواڑہ قتل عام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کپواڑہ قتل عام اور مقبوضہ علاقے میں پیش آنے والے بیگناہ لوگوں کے قتل عام کے دیگر المناک واقعات میں ملوث بھارتی فوجیوں کو آج تک سزا نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔