میں نے ہمیشہ گیٹ نمبر 4 کا ساتھ دیا لیکن مجھے نظر لگ گئی، شیخ رشید
شیعہ نیوز:سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چِلے کے اثرات ابھی باقی ہیں ختم نہیں ہوئے۔ راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چلے کے دوران میرے خلاف ایسے شہروں میں مقدمات درج ہوئے جہاں میں کبھی گیا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین سیاسی مہم چلاتے رہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے اللّٰہ سے مدد کی اُمید ہے، لوگ کہتے ہیں کہ آپ سیاست نہیں کرتے، جس دن الیکشن شیڈول آئے گا اس دن ہم ہی سیاست کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کسی کو سمجھ نہیں آ رہی کہ ملکی سیاست کس طرف جا رہی ہے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام سیاست دانوں سے زیادہ سمجھ دار ہیں۔
سابق فاقی وزیر نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف واپس آئے اور 22 اکتوبر کو میں واپس آیا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ گیٹ نمبر 4 کا ساتھ دیا لیکن مجھے نظر لگ گئی، نواز شریف کو کب نظر لگتی ہے اس کا میں انتظار کروں گا۔