مشرق وسطی

امریکہ اپنے کئے دعوے کے مطابق عمل کرے تو جنگ خود بخود بند ہو جائے گی

شیعہ نیوز:یمن کی تحریک انصار للہ نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اپنے کئے دعوے کے مطابق عمل کرتے ہوئے سعودی عرب کی حمایت بند کردے تو جنگ خود بخود ختم ہو جائے گی۔

یمن کی تحریک انصار للہ کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کا خاتمہ اُس وقت ہوگا جب سعودی عرب کے جارح اتحاد کے ہوائی حملے بند اور محاصرہ ختم ہو اور اگر امریکہ اپنے کئے دعوے کے مطابق عمل کرے تو جنگ خود بخود بند ہو جائے گی۔

البخیتی نے مزید کہا ہم مذاکرات کے لئے آمادہ ہیں تاہم اب تک جس میکانزم کے تحت مذاکرات ہوئے وہ درست نہیں تھے۔یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے رکن نے واضح الفاظ میں کہا کہ ممکن ہے امریکہ سعودی اتحاد کی حمایت قدرے کم کر دے مگر وہ مکمل طور پر جارح سعودی عرب کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔
دوسری جانب یمن کے ممبران پارلیمنٹ نے اس ملک کے خلاف جنگ اور محاصرے کے خاتمے کے لئے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔

یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی پارلیمنٹ نے اجلاس طلب کر کے اس ملک کے خلاف جارحانہ حملوں کی حمایت بند کرنے کے امریکی فیصلے کو یمن کے سیاسی عمل میں ایک نئی تبدیلی قرار دیا ہے۔

یمن کے ممبران پارلیمنٹ نے انصار اللہِ یمن پرعائد پابندیوں کے خاتمے کے امریکی فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جنگ و جارحیت، محاصرے کے خاتمے اور بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کے لئے فورا اقدام کریں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا تھا کہ جنگِ یمن کے سلسلے میں وہ اپنی جانب سے ہر قسم کی حمایت بند کر دیں گےتاہم ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ارضی سالمیت اور اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کے لئے سعودی عرب کی حمایت کرتے رہیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button