پاکستانی شیعہ خبریں

امام خمینی نے نظریہ ولایت فقیہ کو کتابوں سے نکال کر معاشرے میں نافذ کیا، علامہ باقر زیدی

شیعہ نیوزـصوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ و دعا کمیٹی کے تحت 32 ویں برسی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے سلسلے میں محفل شاہ خراسان روڈ کراچی پر مجلس ترحیم و دعا کا انعقاد کیا گیا، جس میں دعا توسل کی تلاوت مولانا اصغر حسین شہیدی نے کی جبکہ مجلس عزا سے خطاب علامہ باقر عباس زیدی نے کیا۔ مجلس ترحیم میں ثاقب رضا ثاقب اور عزادار حسین کاظمی نے امام خمینی خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اپنا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس کے علاوہ مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات، علماء، شعراء کرام، مولانا صادق جعفری، مولانا نشان حیدر، مولانا بلاول حسین فاضلی، مولانا انصاف علی حیدری، سابق رکن سندھ اسمبلی قمر عباس رضوی، ابوطالب فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل علی حیدر شاہ، ناصر حسینی، ارشد اللہ مکتبی، ظہیر زیدی، دانش بخاری، شبیر حسین، ظہیر جارچوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی کہا کہ نظریہ ولایت فقیہ پہلے سے موجود تھا، جسے امام خمینی نے کتابوں سے نکال کر معاشرے میں نافذ کیا، امام نے اپنی جلاوطنی کے دور میں نجف اشرف میں ولایت فقیہ پر دروس دیئے تو انہیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسلامی حکومت سے متعلق امام خمینی کی فکر کو وہاں کے علماء نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا مگر امام اسلام کے قوانین عملی طور پر معاشرے میں نافذ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ امام خمینی ایک ایسے لیڈر تھے جنہوں نے اپنی عوام کو نمایاں مقام تک پہنچایا، حقیقی قیادت وہی ہوتی ہے جو اپنی عوام کو مشکلات سے نکالتی ہے، امام نے ایرانی قوم کی سوچ اور کلچر کو یکسر تبدیل کردیا۔

علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ آج ایران کی عوام شہادت کو قابل افتخار سمجھتی ہے اور شہادت پر اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتی ہیں، امام خمینی نے صرف 27 سال کی عمر میں چہل حدیث تحریر کی، جس میں آئمہ اطہار (ع) اور دین حقہ سے متعلق شبہات کے مدلل جوابات دیئے، امام نے فلسطینیوں کو مزاحمت کا راستہ دکھلایا، امام خمینی کے مشن کو رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کامیابی سے آگے بڑھایا اور اب تک جاری رکھا ہے۔ علامہ باقر عباس زیدی نے مرحوم آغا جعفر نقوی اور مرحوم علامہ عباس کمیلی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملی رہنما امام خمینی کے بلواسطہ شاگرد تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button