عمران خان ڈیل کے لیے دوبارہ بیساکھیاں ڈھونڈ رہا ہے، مریم نواز
شیعہ نیوز: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان ڈیل کرنے کے لیے دوبارہ بیساکھیاں ڈھونڈ رہا ہے۔
لندن میں پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے بائیس کروڑ عوام کے ساتھ کھیلیں گے، ہم اسے کھیلنے نہیں دیں گے، سیاسی شخص ہوتا تو ہم ضرور اس کے ساتھ بیٹھتے مگر یہ بیرونی طاقتوں سے پیسے لے کر انتشار پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈیل کے لئے یہ سب کرہا ہے اور دوبارہ بیساکھیاں ڈھونڈ رہا ہے، اس میں نام لینے کی ہمت نہیں بس پیغام دیتا ہے کہ اقتدار میں لے کر آئیں ورنہ اگلا قدم اٹھاؤں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کا گھناؤنا چہرہ لوگوں کے سامنے آگیا، اس کی باتوں پر یقین کرنے والوں سے ہمدردی ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ بیٹھنا کسی صورت ممکن نہیں البتہ اسے عبرت کا نشان بنانا ہے، ملکی سالمیت سے کھیلنے پر اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔