
عمران خان سعودی ولی عہد سےکشمیریوں کے حق میں بیان نہ لے سکے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سعودی عرب کے دورہ پر موجود وزیراعظم پاکستان عمران خا ن سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سے مظلوم کشمیریوں کے حق میں بیان لینے میں ناکام رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچے اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت سعودی اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد سعودی عرب کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون و حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو خطرہ ہونے کی صورت میں پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ اداکیا لیکن کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلا ف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں ان کی زبان سے کوئی بیان جاری نہ ہوسکا۔
عمران خان اور پاکستان کے اداروں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ سعودی عرب ، عرب امارات اور امریکہ کبھی بھی بھارت کی حمایت اور دوستی سے ہاتھ نہیں ہٹائیں گےجبکہ وہ ممالک جو مشکل کی اس گھڑی میں مظلوم کشمیری عوام اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ہمیں ان سے تعلقات کو مزید آگے بڑھانا چاہیے۔