عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا
پی ٹی آئی رہنماء سلمان اکرم راجا نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی کے پی کا صدر نامزد کردیا گیا ہے
شعیہ نیوز: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماء سلمان اکرم راجا نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈا پور کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی کے پی کا صدر نامزد کردیا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جنید اکبر کی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے دوران کیا گیا، ملاقات میں ایم این اے عاطف خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، ایم پی اے پنجاب میاں فرحت عباس بھی شریک تھے۔ پی ٹی ائی کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو بھی پنجاب میں اہم تنظیمی عہدہ ملنے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ اگر حکومت مذاکراتی کمیٹی ملاقات 28 جنوری کو کراتی ہے تو پھر دیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ مزمل حسین کی بلاجواز گرفتاری انتہائی شرمناک عمل ہے، علامہ جہانزیب جعفری
ہمارا موقف یہی ہے کہ پہلے کمیشن بنائیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 28 جنوری کو حکومت ملاقات کرائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے نومنتخب صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا اور کہا ہے کہ میں اپنے قائد عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کے مجھے صوبائی صدر نامزد کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے علی امین، عاطف خان اور شاہ فرمان کے مشورے سے چنا گیا، میں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز گاؤں کی صدارت سے شروع کیا، مڈل کلاس کا بندہ ہوں اور یہ پوزیشن مجھے محنت کے وجہ سے ملی جس کی مثال دوسری پارٹیوں میں نہیں ملتی، انشاءاللہ میں عمران خان اور کارکنان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، تمام کارکنان میرے لیے ہمیشہ کی طرح دعا کریں۔ انہوں ںے مزید کہا کہ پارٹی میں کسی گروپ بندی کی گنجائش نہیں، ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ان شاءاللہ ایک رہیں گے۔