مشرق وسطی

اتحاد بین المسلمین ہمارے پاس مضبوط ترین ہتھیار ہے، شیخ غازی ہنینہ

شیعہ نیوز: لبنان کی مسلمان علماء کی اسمبلی کے سربراہ شیخ غازی ہنینہ نے تہران میں نماز جمعہ کے خطبے سے پہلے تقریر کرتے ہوئے امریکہ، اسرائیل اور تکفیری دہشت گرد عناصر کے خلاف لبنانی قوم کی حمایت پر رہبر معظم انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "ہم بھی ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جشن منعقد کرتے ہیں۔ یہ ایسا ہفتہ ہے جسے امام خمینی رح نے ہفتہ وحدت کا نام دیا ہے تاکہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور وحدت قائم ہو سکے اور پیغمبر اکرم ص کی ولادت کا موقع ہماری وحدت کا سبب بن جائے۔” انہوں نے مزید کہا: "مسلمانوں کے درمیان وحدت کا قیام خداوند متعال نے واجب قرار دیا ہے۔ امت مسلمہ کو درپیش ایک بڑا چیلنج اتحاد کا قیام اور عوام میں وحدت پیدا کرنا ہے۔ اسلام دین توحید ہے اور اتحاد بین المسلمین کا دین ہے۔ ہمارے پاس سب سے زیادہ مضبوط ہتھیار تمام مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور وحدت ہے۔”

شیخ غازی ہنینہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلمانوں کے درمیان پائے جانے والے مذہبی اختلافات کو مذہبی فرقہ واریت کا سبب نہیں بننا چاہئے، کہا: "اسلام آج ہر پہلو سے ایک بہت بڑے چیلنج سے روبرو ہے۔ خداوند متعال نے اسلام کو قرآن کریم اور پیغمبر اکرم ص کے ذریعے ہدایت کے ذریعے محفوظ بنایا ہے۔ امت مسلمہ کی حفاظت بھی خدا کی کتاب کی حفاظت کے ذریعے ممکن ہے۔ لہذا اصل طاقت فوجی ہتھیاروں اور سازوسامان میں نہیں بلکہ اپنی صفوں میں اتحاد کے قیام میں مضمر ہے۔” لبنان کی مسلمان علماء کی اسمبلی کے سربراہ نے مزید کہا: "امریکہ اور اسرائیل سمیت تمام اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور دشمنی ڈالنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ہم سب ایک امت ہیں اور ہمیں ہفتہ وحدت میں قرآن کریم اور رسول اکرم ص کی مرکزیت میں اکٹھے ہو جانا چاہئے اور اس اتحاد کے ذریعے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کرنا چاہئے۔”

مسلمان علماء اسمبلی لبنان کے سربراہ شیخ غازی ہنینہ نے اپنی تقریر میں اسلام دشمن طاقتوں اور ان کے شیطانی عزائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "امریکہ، صہیونزم اور منافقین لبنان میں مذہبی فتنہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی بدولت انہیں شدید ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ لبنان کے علماء دین بھی اس فتنے کی نابودی میں اہم کردار ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ لبنان کے شمال سے لے کر جنوب تک سب نے اس فتنے کی آگ کو بجھانے کی کوشش کی ہے۔” شیخ غازی ہنینہ نے کہا کہ لبنان کی مسلمان علماء کی اسمبلی نے امام خمینی رح کی حمایت سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا اور ہم خود کو اسلامی جمہوریہ ایران کے سائے تلے اتحاد بین المسلمین کا سپاہی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا: "مسلمان علماء کا اتحاد بہت اہم ہے اور اتحاد بین المسلمین کا بنیادی رکن ہے۔ ہماری اسمبلی نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے قیام کی کوشش کی ہے۔”

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button