ایران: ایک ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے ابو مہدی کروز میزائل فوج کے حوالے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ ابو مہدی کروز میزائل کو استعمال کر کے دشمن کے طیارہ بردار بحری جہاز اور اس پر موجود طیاروں کو ناکارہ بنایا جا سکتا ہے۔
طویل فاصلے تک مار کرنے والے ابو مہدی کروز میزائل کو اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری افواج کے حوالے کرنے کی تقریب آج منعقد ہوئی جس میں وزیردفاع اور مسلح افواج کے کئی کمانڈروں نے شرکت کی۔
اس موقع پرسپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے بحری فوج کی طاقت اور صلاحیت کو بڑھانے میں ابو مہدی کروز میزائل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس میزائل کی خصوصیات میں دشمن کو ایران کے ساحل سے دور رکھنا شامل ہے اس کے علاوہ یہ دشمن کی الیکٹرانک جنگ میں کامیابی سے کام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو میزائل آج سپاہ اور فوج کی بحری افواج کے حوالے کیا گیا ہے اسے کشتی اور بحری جہاز پر بھی نصب کیا جا سکتا ہے اور ساحلی لانچنگ پیڈ سے بھی فائر کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ابو مہدی میزائل ایک بحری کروز میزائل ہے جو ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے تک مار کر سکتا ہے اور یہ ایران کے سمندری دفاع کے دائرہ کار کو پہلے کے مقابلے میں کئی گنا بڑھا دیتا ہے اور یہ وسیع علاقے میں آپریشن کا احاطہ کر سکتا ہے۔ یہ میزائل درست نشانہ لگانے، دشمن کے دفاعی سسٹم کو عبور کرنے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔