ایران کی جانب سے پکڑا گیا آئل ٹینکر کیا کررہا تھا؟ بڑا انکشاف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حکومت پانامہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے پکڑا جانے والا آئل ٹینکر ایندھن کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔
پانامہ کی وزارت جہازرانی نے گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے ایک آئل ٹینکر کے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کی ہے۔
پانامہ کی وزارت جہازرانی نے مذکورہ آئل ٹینکر کے لائسنس منسوخ کرنے اور اپنا پرچم واپس لینے کی اطلاع دی ہے۔
اس آئل ٹینکر کا نام ریاح ہے اور یہ پانامہ کے پرچم کے ساتھ سمندر میں حرکت کر رہا تھا۔
پانامہ کی وزارت جہاز رانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پانامہ پوری طاقت سے غیر قانونی اقدامات انجام دینے کے لئے ملک کے پرچم کے استعمال کی مذمت کرتا ہے کیونکہ اس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے جمعرات کو دس لاکھ لیٹر تیل اسمگلنگ کرنے والے آئل ٹینکر کو پکڑ کر قانونی چارہ جوئی کے لئے متعلقہ شعبے کے حوالے کر دیا تھا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کی جانب سے یہ اقدام، قومی مفادات کی حفاظت، اپنی ذمہ داریوں پر عمل، قیام امن اور سمندری اسمگلنگ سے مقابلے کے تناظر میں انجام دیا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جمعے کی شام بھی ایک برطانوی آئل ٹینکر کو بین الاقوامی قوانین کی رعایت نہ کرنے کی وجہ سے آبنائے ہرمز میں حراست میں لے لیا تھا۔