پاراچنار میں تکفیری گروہوں کے حملوں کی ایران کیجانب سے شدید مذمت
شیعہ نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پاراچنار کے عوام کے خلاف مسلح تکفیری شدت پسندوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس مجرمانہ فعل نے نہ صرف تمام مسلمانوں کے دلوں کو غمزدہ کر دیا ہے بلکہ پاراچنار کے عوام پر ظلم و ستم کے مظاہرے نے تکفیری تحریکوں کی مجرمانہ نوعیت اور ان انتہاء پسند گروہوں کے خلاف مربوط، بنیادی و طاقتور جنگ کی ضرورت کو بھی ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کی انتہا پسندی کہ جس نے عالم اسلام کے اتحاد اور برادر و ہمسایہ ملک پاکستان کو نشانہ بنا رکھا ہے، کی مذمت کرتے ہوئے تمام اسلامی ممالک کی یکجہتی اور تکفیری گروہوں کے خلاف مؤثر طریقے سے جنگ کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ وہ ان کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، معاونین اور مالی معاونت کرنے والے تمام عناصر کے خلاف مسلسل جدوجہد کے لئے خطے کے ممالک کے باہمی تعاون کو ضروری و ناگزیر سمجھتے ہیں۔ تکفیری و دہشتگردانہ تحریکوں سے نمٹنے کے لئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حالیہ جرائم کے مرتکب افراد سے نمٹنے کے لئے مزید کوششیں اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔