ایران ای سی او کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے، عباس عراقچی
شیعہ نیوز: ایران کے وزیر خارجہ نے اقتصادی تعاون کی تنظیم ای سی او کے نئے سیکریٹری جنرل سے ملاقات ميں تنظیم کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی حمایت نیز نئے سیکریٹری جنرل کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او کے نئے سیکریٹری جنرل اسد مجیدخان نے منگل 10 ستمبرکو ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
اس رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں علاقے میں ای سی او کے کردار نیز رکن ملکوں کے درمیان تعاون کی تقویت کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی مقبوضہ فلسطین پر حزب اللہ لبنان کا شدید میزائل حملہ
اسد مجید خان نے ای سی او کے نئے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ایران آمد اور کام کے آغازپر خوشی کا اظہار کیا۔
انھوں نے ایران کے شہید صدر ڈاکٹر رئیسی اور شہید وزیرخارجہ ڈاکٹر امیرعبداللہیان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایران کے نئے صدر اور وزیر خارجہ کے لئے کامیابی کی آرزو کا اظہار کیا۔
اسد مجید خان نے اس ملاقات میں اپنے انتخاب میں ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اورای سی او کے پروگراموں کی رپورٹ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کو پیش کی۔
انھوں نے ای سی او میں ایران کے مرکزی کردار کی اہمیت پر زور دیا اور اس اہم علاقائی تنظیم کی حمایت جاری رکھنے کی درخواست کی۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بھی اس ملاقات میں ای سی او کے نئے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے اسد مجیدخان کا تہران میں خیر مقدم کیا اورمبارکبادپیش کی ۔
سید عباس عراقچی نے اسد مجید خان کے اہم سفارتی تجربات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ای سی او کے پروگراموں، منصوبوں اور اہداف کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہیں گے بلکہ ان میں تیزی لائيں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایران ای سی کے سیکریٹریٹ کے میزبان ملک کی حیثیت سے تنظیم کے اہداف اور پروگراموں کو آگے بڑھانے میں نئے سیکریٹری جنرل اسد مجیدخان کی حمایت کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اسد مجید خان پاکستان کے سینیئر ڈپلومیٹ ہیں اور تین سال کے لئے ای سی او کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ اقتصادی تعاون کی علاقائی تنظیم ای سی او کا سیکریٹریٹ تہران میں ہے۔