ایران اتحاد امت کیلیےکردار ادا کرکے پوری امت کی ترجمانی کرے گا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ ایران عالم اسلام کے اتحاد کے لئے مرکزی کردار اور پوری امت کی ترجمانی کرے گا۔ مولانا مودودی کا تعلق امام خمینیؒ کے ساتھ اسلامی اور انقلابی فکر کی بنیاد پر تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ایرانی سفیر نے سراج الحق کو اسلامی اتحاد، امن، عالم اسلام میں تقسیم اور تنازعات سے گریز کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
یہ خبر بھی پڑھیں پاکستان میں ٹی ٹی پی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید
افغانستان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ افغانستان میں گذشتہ چالیس سال سے جو خون بہہ رہا ہے، وہ اب بند ہونا چاہیئے، تاکہ وہاں کے عوام معمول کی زندگی گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ اس مرتبہ طالبان کے رویئے میں تبدیلی آئی ہے۔ اگر ایران اور پاکستان نے مل کر کردار ادا نہ کیا تو دشمن ممالک حالات کو خراب کرنے کی سازش کرسکتے ہیں اور افغانستان میں عدم استحکام کا پورے خطے کو نقصان ہوگا۔