جعلی صیہونی رژیم کے احتساب پر مبنی ایران کا عزم اٹل ہے، ڈاکٹر باقری
شیعہ نیوز: ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ ڈاکٹر علی باقری نے اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی رژیم کو جوابدہ بنانے پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کا عزم سنجیدہ و حتمی ہے۔ یہ بات ڈاکٹر علی باقری نے گذشتہ 48 گھنٹوں میں مصر و اردن کے وزرائے خارجہ کی جانب سے دوسری بار ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔ اس بارے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر علی باقری نے تاکید کی کہ اس گفتگو میں ہم نے خطے میں وقوع پذیر ہونے والے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تینوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں تہران میں حماس کے سربراہ سیاسی بیورو شہید اسمعیل ہنیہ کی ٹارگٹ کلنگ پر ایرانی حکام نے اس مجرمانہ کارروائی کو ایرانی خودمختاری و جغرافیای سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم پر جعلی صہیونی رژیم کو فیصلہ کن و پچھتا دینے والا جواب دیا جائے گا۔
ادھر اس دہشتگردانہ صیہونی کارروائی کے بعد قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، عمان، اردن، روس و الجزائر سمیت متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل و یورپی یونین کے سیکرٹری خارجہ امور کے ہمراہ قائم مقام ایرانی وزير خارجہ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس مجرمانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔