
اسلامی تحریک اور تحریک انصاف اتحاد پر متفق، جلد اعلان متوقع
شیعہ نیوز : گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان انتخابی اتحاد کے حوالے سے تمام افواہیں دم توڑ گئیں، دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا گئے،پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بعد اسلامی تحریک پاکستان نے بھی گرین سگنل دےدیا، آئندہ تین روز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں سہہ فریقی انتخابی اتحاد کا اعلان متوقع ہے۔
تفصیلات کےمطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماوفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی قائدین کے درمیان گلگت بلتستان انتخابات میں اتحاد کے حوالے سے ہونے والے مزاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد کی تشکیل کے لیئے اپنی رضا مندی ظاہر کردی ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے کا اعلان آئندہ تین روز میں متوقع ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ اسلامی تحریک کے قائدین نے کہاکہ ہماری کچھ مجبوریاں تھی جس کی بناء پر ہم گزشتہ مشترکہ پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہوسکے تھے ۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان پہلے ہی گلگت بلتستان انتخابات میں مشترکہ امیداوار میدان میں اتارنے کا اعلان کیا جاچکاہے، دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں دو حلقے ایم ڈبلیوایم 20حلقے پی ٹی آئی کے حصے میں آئے ہیں جبکہ گلگت کے دو حلقے اسلامی تحریک کیلئے خالی چھوڑے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈبلیوایم اور پی ٹی آئی کے قائدین کی چندروز قبل ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں اسلامی تحریک کو بھی شریک ہونا تھا تاہم حلقہ چار روندو سے اسلامی تحریک کے امیدوار کیپٹن (ر) سکندر علی کی جانب سے پی ٹی آئی کی ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ممکنہ طور پور اس نشست سے دستبردار ہونے سےانکار کرنے پر معاملہ کھٹائی میں پڑ گیاتھا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے بلتستان کی مقامی قیادت اور کیپٹن سکندر کو یقین دہانی کروائی ہے کہ انتخابات میں سہہ فریقی اتحاد کی کامیابی کی صورت میں ایک مخصوص نشست کیپٹن سکندر کودی جائے گی۔