آئی ایس او کراچی کے تحت مدافعان ولایت کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس و دیگر رفقاء کی برسی کی مناسبت سے ’’ مدافعان ولایت کانفرنس‘‘ کا انعقاد مدینۃالعلم امام بارگاہ گلشن اقبال میں کیا گیا۔
کانفرنس سے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، معروف عالم دین علامہ علی مرتضیٰ زیدی اور شیعہ علماء کونسل کراچی کے صدر علامہ کامران حیدر عابدی نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں شہر بھر سے مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس میں دستہ امامیہ کے صاحبانِ بیاض عاطر حیدر، جری سجاد، مشہور و معروف منقبت و نوحہ خواں مسلم مہدوی نے بارگاہ اہل بیتؑ میں منقبت و ترانہ پیش کیا۔ پروگرام میں آئی بی ٹی ایم ایس کی جانب سے خون کا عطیاتی کیمپ لگایا گیا، آئی ایس او جامعہ این ای ڈی یونٹ کی جانب سے سبیل امام حسین علیہ السلام کا انعقاد جبکہ سکیورٹی کے انتظامات امامیہ اسکاؤٹس کراچی نے سنبھالے۔
یہ خبر بھی پڑھیں شہیدعارف حسینی، قاسم سلیمانی اور ابو مہدی کو آنے والی نسلیں اپنے ہیروز کے طورپر یاد کریں گی
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شہداء قوم و ملت کے محسن ہوتے ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتیں، پاکستان کی بقاء میں شہداء کا خون اہم کردار رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہداء پاکستان ہمارا فخر ہیں اور الحمدللہ ملت پاکستان جذبہ شہادت سے سرشار ہے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے شہداء کانفرنس منعقد کرنے کی کاوشوں کو سرہاتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان نے ہمیشہ شہداء اسلام کی یاد کو تازہ رکھا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کے خون کی بدولت اسلام آج دنیا بھر میں موجود ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام مسلمان شہید قاسم سلیمانی کے مداح ہیں، شہداء کا راستہ خدا، رسول (ص)، اہل بیتؑ و صحابہ اکرام (رض) کا راستہ ہے۔