
آئی ایس او نے سوشل میڈیا پر وائرل اعلامیہ مسترد کر دیا
شیعہ نیوز: امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے سوشل میڈیا پر ”سابقین کمیٹی” کی جانب سے وائرل کئے گئے جعلی اعلامیے کو مسترد کر دیا ہے۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ایک عظیم اور قابلِ افتخار پچاس سالہ تاریخ رکھنے والی ایک عظیم الشان تنظیم ہے، یہ تنظیم اپنے دستور اور قانونی و آئینی اداروں کے ذریعے فیصلے کرتی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس کے تمام ادارے اس کے مرکز سے وابستہ رہ کر اقدامات کرتے ہیں۔ اس کی مرکزی کمیٹی برائے سابقین بھی مجلس عاملہ کے منظور شدہ فیصلوں کی روشنی میں کام کرتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ "سابقین امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان” کے عنوان سے جو اعلامیہ سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا ہے، اس سے اس کمیٹی اور آئی ایس او کے کسی ادارے کا کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہم آئی ایس او کو نقصان پہنچانے والی اور ملت میں افتراق پیدا کرنے کی ہر کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم امت اسلامیہ کے اتحاد اور ملت تشیع کے درمیان بامقصد اور باہدف وحدت پر یقین رکھتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق عالمی سطح پر ہم نظریہ ولایت فقیہہ سے وابستہ ہیں، اور پاکستان کو مستحکم اور مقتدر اسلامی ریاست بنانے کی آرزو رکھتے ہیں اور اسی راستے پر گامزن ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم آئی ایس او کے تمام وابستگان اور سابقین مربوط رکھنے اور اختلاف و افتراق پیدا کرنیوالی کوششوں پر گہری نظر رکھنے اور ساتھیوں کو اس سے بچانے کا پیغام دیتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم آئی ایس او کے مضبوط رہتے ہوئے پیشرفت کرنے کو ملت اسلامیہ اور ملت تشیع کیلئے ضروری جانتے ہیں۔