آئی ایس او شہداء کے راستہ پر گامزن ہے اور ملت کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ جہت مصروف عمل ہے:برادر حسن عسکری
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے نو منتخب صدر حسن عسکری نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا باقر عباس زیدی سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے نو منتخب صدر حسن عسکری نے منگل کے روز مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا باقر عباس زیدی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون اور ملی مسائل کے عناوین سمیت نوجوانوں کی تربیت و تعلیم کے مسائل زیر بحث آئے۔
آئی ایس او کراچی کے صدر حسن عسکری نے مولانا باقر زیدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہر میدان میں ہمیشہ علماء کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او شہداء کے راستہ پر گامزن ہے اور ملت کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اجتماعی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ جہت مصروف عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تعلیمی و تربیتی مسائل میں علماء کرام کی رہنمائی اور تعاون درکار ہے جس کے لئے انہوں نے مولانا باقر زیدی کو بھی دعوت دی کہ وہ نوجوانوں کے لئے ضروری تربیتی امور سے متعلق تعاون کریں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری مولانا باقر زیدی نے کہا کہ نوجوان ہماری ملت کا سرمایہ ہیں، آج جدید دور میں نوجوانوں کو علمی و اخلاقی و دینی و فقہی امور کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ کے امور پر بہتر انداز میں گرفت حاصل کرنی چاہئے۔ -انہوں نے مزید کہا کہ مساجد ہمارے مراکز ہونے چاہئیں۔ ہر علاقہ کی مساجد سے ہم عوام کے دیرینہ مسائل کو حل کر سکتے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ تنظیمیں اور ادارے مساجد کو اپنا مرکز قرار دیں۔ اس موقع پر انہوں نے آئی ایس او کراچی کے صدر کو ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ آئی ایس او کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کیا ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیکی اور بھلائی کے کاموں میں تعاون قرآنی و الہی اصل ہے اور مجلس وحدت مسلمین اس پر کاربند ہے۔
ملاقات کے اختتام پر آئی ایس او کراچی کے صدر نے مولانا باقر زیدی کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا اور مجلس وحدت مسلمین کی کارکردگی کی قدر دانی کی۔