ایران و حزب اللہ کے ممکنہ حملوں کو روکنے کیلئے اسرائیل کے پاس بطور کافی گولہ بارود موجود نہیں، امریکی میڈیا
شیعہ نیوز: معروف امریکی تجزیاتی مجلے پولیٹیکو نے اپنے ایک مقالے میں انکشاف کیا ہے کہ جعلی اسرائیلی رژیم ایران و حزب اللہ کی جانب سے انجام پانے والے کسی بھی بڑے حملے کو روکنے کے لئے ضروری گولہ بارود کی شدید کمی کی شکار ہے۔ امریکی سفارتی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے پولیٹیکو نے مزید لکھا کہ یہ واضح ہی نہیں ہے کہ کیا اسرائیل کے ہمسایہ عرب ممالک اسرائیل کی مدد کے لئے کوئی قدم اٹھائیں گے کہ جیسا انہوں نے اپریل میں کیا تھا! اس حوالے سے اپنا نام ظاہر نہ کرنے والے امریکی سفارتکار نے بھی پولیٹیکو کے ساتھ گفتگو میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے کسی بھی ممکنہ حملے کو روکنے کے لئے عرب ممالک کے تعاون میں موجودہ کمی کا سب سے بڑا قصوروار خود نیتن یاہو ہے جبکہ یہ تنازعہ کہ جس کے حل کے لئے دونوں فریق؛ حماس و اسرائیل، کوئی تیاری ظاہر ہی نہیں کر رہے، مایوسی کا باعث بن چکا ہے۔ اس حوالے سے اپنی تحریر کے آخر میں نتیجہ اخذ کرتے ہوئے امریکی مجلے نے لکھا کہ بائیڈن و بلنکن بھڑکتے شعلوں کو بجھانے کی کوشش تو کر رہے ہیں لیکن یہ آگ ایک مرتبہ پھر بھڑک اٹھی ہے کہ جس کی اصلی وجہ خود نیتن یاہو ہے۔