اسرائیل کا عراق میں امریکی ہم آہنگی سے حملے کا انکشاف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکومت کے ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ عراق کے اندر اسرائیلی فوج کا حملہ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان مکمل ہم آہنگی سے کیا گیا تھا۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ خبر صحیح ہے کہ عراق میں اسرائیلی فوج کا ڈرون حملہ تل ابیب اور واشنگٹن کی آپسی ہم آہنگی سے کیا گیا تھا اور اسرائیل عراق میں مداخلت کرنے کے لئے امریکیوں کے ساتھ ہر روز رابطے میں رہتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ پمپیئو کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اور سیکورٹی سطح پر بھی رابطہ برقرار ہے اور اسرائیل سیاسی اور فوجی سطح پر امریکہ کے ساتھ پوری طرح ہم آہنگ ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک مہینے کے دوران عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے اڈوں پر کئی بار حملے کئے گئے ہیں۔ عراق کی عوامی رضاکارفورس نے ان حملوں کا ذمہ دار اسرائیل اور امریکہ کو قراردیا ہے۔
دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں عراقی عوامی رضا کارفورس کی کامیابیوں کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے الحشدالشعبی پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔