اسرائیل شہری اہداف پر حملے بند کرے، روس
شیعہ نیوز: روس نے صیہونی حکومت سے کہا کہ وہ غزہ میں شہری اہداف پر حملے بند کرے۔ فارس نیوز کے مطابق ہفتے کے روز، روس نے اسرائیلی حکومت سے کہا کہ وہ غزہ میں شہری اہداف پر اپنے حملے بند کر دے۔ وفا خبر رساں ایجنسی کے مطابق، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان "ماریا زاخاروا” نے ہفتے کی صبح غزہ شہر کے "التابعین” اسکول پر ہونے والے ہلاکت خیز اسرائیلی فضائی حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ زاخاروا نے مزید کہا کہ اس طرح کے سانحات کشیدگی کو کم کرنے، فوری جنگ بندی کے حصول اور قیدیوں کے تبادلے کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ کے 309ویں دن کی صبح صیہونی حکومت نے غزہ کی پٹی میں ایک اور اسکول پر بمباری کی، جس میں نماز فجر کے دوران درجنوں فلسطینی پناہ گزین شہید اور زخمی ہوئے۔
غزہ کے شہری دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صہیونیوں کے اس نئے جرم میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جو غزہ شہر کے وسط میں الدرج محلے کی النفاق اسٹریٹ پر واقع التابعین اسکول میں ہوا۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے اقدامات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں غزہ کی پٹی میں ایک اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ہنگامی انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور غزہ میں قیدیوں کی رہائی کی حمایت کی۔