اسرائیلی فوج کی اسکول پر وحشیانہ بمباری، 16 فلسطینی شہید
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اسکول میں قائم پناہ گزین پر بمباری کی جب کہ البلاح میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد سوار تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں گولہ باری اور مغربی کنارے کے علاقوے جنین اور طولکرم کے پناہ گزین کیمپ میں آج پانچویں روز بھی ملٹری آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ غزہ کے اسکول میں پناہ گزین کیمپ پر بمباری میں 15 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ البلاح کے علاقے میں ایک کار کو تباہ کردیا گیا جس میں 4 افراد شہید ہوگئے۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں 5 روز سے جاری ملٹری آپریشن میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 29 ہوگئی اور کئی مکانات تباہ ہوگئے۔
ادھر غزہ کی ایک سرنگ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد ہونے پر لاکھوں شہریوں نے سڑک پر نکل کر نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جب کہ کل بروز پیر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 40 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 94 سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔