اسرائیل کی نابودی قریب ہے، حماس اور جہاد اسلامی کا اعلان
شیعہ نیوز:فلسطین ٹوڈے کے مطابق، حماس کے ایک سینیئر رہنما اسماعیل رضوان نے بڑے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی دشمن اور اس کی سازشوں کے مقابلے میں استقامت اور مزاحمت ہی بہترین آپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم استقامتی محاذ کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی بدولت پوری طرح آمادہ ہے اور مقبوضہ علاقوں میں اس کی واپسی بہت قریب ہے۔
اس سے پہلے تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ نے، یوم نکبہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ آج ہم میں صیہونی حکومت کو انتباہ دینے اور پوری سرزمین فلسطین میں اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ کا کہنا تھا کہ آج ہم ہر دور سے زیادہ طاقتور ہیں اور حق کے راستے پر ہمارا ایمان اور بھی راسخ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ صیہونی سازش اب نابودی کے قریب ہے اور آئندہ اس کا نام و نشان بھی باقی نہیں بچے گا۔
دوسری جانب جنین کے استقامتی گروہوں کی مشترکہ بریگیڈ نے اپنے ایک رکن کی شہادت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ داؤد الزبیدی کی موت کا انتقام ضروری لیا جائے گا۔ جنین بریگیڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن نے الزبیدی کو جنین میں ہونے والے جھڑپوں میں زخمی ہونے کے بعد اغوا کیا تھا اور بعد میں انہیں شہید کر دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سے الزبیدی کے قتل کا انتقام ضروری لیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ داؤد الزبیدی تین روز قبل جنین میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران زخمی ہوگئے تھے اور اتوار کے روز حیفا کے رمبام نامی اسپتال میں شہید ہوگئے۔ کہا جارہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے الزبیدی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہید کیا ہے۔ وہ کئی برس تک صیہونی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد چند سال پہلے ہی رہا ہوئے تھے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری کے مشرقی بیت المقدس سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ شیخ عکرمہ صبری نے اس پابندی پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے وہ مسجد الاقصی کے دفاع کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کو تیار ہیں۔ مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار اور اسرائیلی سازشوں سے پوری طرح ہوشیار رہیں۔