
ملتان، امام بارگاہ کی چاردیواری میں مجلس عزاء کا انعقاد جُرم بن گیا
شیعہ نیوز: مظفرگڑھ اور وہاڑی کے بعد ملتان میں بھی پولیس کی جانب سے امام بارگاہ کی چار دیواری میں بھی مجلس عزاء کے انعقاد پر مقدمہ در ج کر لیا گیا، تفصیل کے مطابق ملتان صدر کے علاقے تھانہ قادر پور راں میں امام بارگاہ جاگیر علی اکبر میں چار دیواری کے اندر مجلس عزاء منعقد ہو رہی تھی، جس پر متولی امام بارگاہ فاروق احمد خان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، ملتان کے علاوہ ضلع وہاڑی کے علاقے کرم پور میں بھی چار دیواری میں منعقد ہونے والی مجلس کے منتظم کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔
اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے تحفظ عزاداری امام حسین علیہ السلام کے ڈویژنل صدر انجینیئر سخاوت علی نے کہا کہ چاردیواری میں منعقدہ مجلس کے خلاف پولیس کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان اس طرح کے واقعات کا نوٹس لیں، بصورت دیگر عوام میں اشتعال پھیلے گا۔