
جعفریہ الائنس کا محرم سے قبل عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جعفریہ الائنس نےمحرم الحرام سے قبل عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ باقر حسین زیدی کا کہنا ہے کہ جعفریہ الائنس پاکستان اضلاع کی سطح پر تمام ٹرسٹیز، لائنس ہولڈرز اور عزاداران سید الشہداء سے محرم الحرام کے سلسلے میں رابطہ مہم شروع کررہی ہے تاکہ علاقائی سطح پر مسائل کا جائزہ لیا جاسکے اور تجاویز کو حاصل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام سے قبل شہری مسائل، واٹر اینڈ سیوریج، الیکٹرک و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے مسائل اور ماتمی جلوسوں کے راستوں سے متعلق معلومات اکھٹا کرکے انتظامی امور سے متعلق محکموں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ محرم الحرام سے قبل مسائل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔
اس سلسلے میں جعفریہ الائنس پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شبر رضا کی سربراہی میں مرکزی کابینہ کے عہدیدار اور عاملہ کمیٹی کے ممبران بھرپور طریقے سے عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے، تمام ٹرسٹیز اور لائنس ہولڈر حضرات اور قومیات کی فعال شخصیات سے تعاون کی درخواست ہے۔