جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کاوشیں، لاپتہ عزادار رحمٰن شاہ بازیاب
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے شیعہ جبری گمشدگان کی کاوشوں کی بدولت 2 سال سے لاپتہ شیعہ عزادار سید رحمٰن شاہ کل صبح باحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر اور ببرلو خیر پور کے رہائشی سید رحمٰن شاہ 2سال سے زائد عرصہ کی جبری گمشدگی کے بعد بازیاب ہوکر باحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں ۔
بازیابی کے بعد اپنے آبائی علاقے ببرلو پہنچنے پر اہل خانہ اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے ، رحمٰن شاہ نے اپنے شہید بھائی کی قبر کی حاضری بھی دی اور فاتحہ خوانی کی ۔
واضح رہے کہ رحمٰن شاہ کو تقریباًسوا دو سال قبل ریاستی اداروں کی جانب سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کے اور دیگر شیعہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ ، علمائے کرام، شیعہ تنظیمات خصوصاً جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی جدوجہد کی بدولت ان کی رہائی ممکن ہوئی۔
رحمٰن شاہ سے قبل گذشتہ دو ہفتوں میں 6شیعہ مسنگ پرسنز پہلے ہی بازیاب ہوچکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اب بھی 5درجن سے زائد شیعہ جوان جبری گمشدگی کا شکار ہیں ۔ ان جبری گمشدہ شیعہ افراد کے اہل خانہ کئی کئی سالوں سے اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں ۔