پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

حضرت علیؑ کا عدل و انصاف تمام اقوام عالم کے لیے مشعلِ راہ ہے، علامہ راجہ ناصرعباس

شیعہ نیوز: 13رجب المرجب امیرالمومنین حضرت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تمام عالم بشریت و عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علیؑ کی ولادت کا دن تمام مسلمانوں بلکہ تمام مظلوموں، عدالت پسندوں اور حریت پسندوں کے لیے عید کا دن ہے اور عظیم الشان عید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ درس کا دن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن ہم امام المتقین امام علی علیہ السلام کی پاکیزہ ونورانی زندگی سے درس لیتے ہوئے یہ عہد کریں کہ ہماری زندگی راہ علی ع پر گزرے گی، علی ع کی پوری زندگی سیرت پیغبر ص کی آئینہ دار زندگی ہے، جس کا ایک ایک پل ویسے ہی گزرا جیسے ذات خدا کو مطلوب تھا۔

یہ بھی پڑھیں : نیتن یاہو جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے میں بڑی رکاوٹ ہیں، قطر

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حضرت امام علی علیہ السلام کا عدل وانصاف تمام اقوام عالم، تہذیبوں اور حکومتوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اگر قوموں میں عدالت و مساوات ناپید ہو جائے تو ترقی سے تنزلی کا سفر شروع ہو جاتا ہے، آپ کی برگزیدہ ہستی تمام انسانوں، معاشروں اور ثقافتوں کے لیے منبع رشدوہدایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ علیہ السلام کی فداکاریاں اور قربانیاں اپنی بلندی اور عروج پر نظر آتی ہیں، امیرالمؤمنین نے اسلام، پیغمبرِ اکرم کی جان کی حفاظت اور اسلامی امت کے شرف اور عظمت کے لیے بے انتہاء قربانیاں دیں، ایسی قربانیاں جو انسانی طاقت سے بالاتر تھیں، اگر ہم اپنے وطن عزیز کو ترقی واستحکام کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو پھر حضرت علی علیہ السلام کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے عادلانہ نظام حکومت کا قیام ناگزیر ہے، ملک وملت کے وسیع تر مفاد میں صبر و تحمل اور حکمت و دانائی کے ساتھ فیصلے لینا وقت کی اشد ضرورت ہے اور یہی حضرت علی علیہ السلام، تمام آئمہ ع سمیت اصحاب رسول اکرم ص کی تعلیمات بھی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button