گورنرسندھ کی ایرانی قونصلیٹ آمد، شہید سید حسن نصراللہ کی شہادت پر اظہار تعزیت وفاتحہ خوانی
شیعہ نیوز: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ایرانی قونصلیٹ پہنچے تو ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان اور دیگر سفارتی عملہ نے گورنر سندھ کا خیر مقدم کیا، گورنر سندھ نے قونصل جنرل سے علامہ سید حسن نصر اللہ اور بریگیڈیئر جنرل عباس نیلفروشان کی شہادت پر اظہار عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ عظیم رہنما حسن نصر اللہ کی شہادت امت مسلمہ پر قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے حسن نصر اللہ کو شہید کرکے دنیا کا امن داؤ پر لگا دیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہید حسن نصر اللہ پرامن جدوجہد کے داعی اور فلسطین کاز کے علمبردار تھے، حسن نصر اللہ کی شہادت سے ان کے عظیم مشن کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ گورنر سندھ نے قونصلیٹ میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کئے۔ گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2024ء کا سال ایرانی حکومت کے لیے مشکل ترین سال ہے، رواں برس ہی ایران کے صدر کی شہادت ہوئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن پر مبنی ہے، اسرائیلی جارحیت غزہ کے بعد اب لبنان میں بھی جاری ہے، اسرائیل کی دہشتگردی بڑھتی ہی جارہی ہے وہ ایران میں بھی ٹارگٹیڈ کارروائیاں کر رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مذہب دہشتگردی کی اجازت نہیں دیتا ہے، عالمی اداروں سے پر زور اپیل کرتا ہوں کہ اسرائیلی جارحیت کو فی الفور روکیں، اگر یہ اسرائیلی جارحیت روکی نہ گئی تو یہ عالمی امن کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے، میں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اسرائیلی جارحیت کے حوالہ سے خط بھی لکھا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسرائیل عالمی انسانی قوانین پامال کر رہا ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری دنیا آواز بلند کررہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ شکر الحمداللہ ہم ایٹمی طاقت ہیں، اور افواج پاکستان کی وجہ سے آج دشمن میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھی دہشت گردی کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دہشت گردی کے واقعات کا مقصد ملک کو معاشی طور پر کمزور کرنا ہے، ہمسایہ مسلم ممالک کو بھی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔