اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کراچی: گلشن اقبال میں دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، 25 زخمی

شیعہ نیوز: شہر قائد کراچی میں دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے، گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی پر دھماکہ ہوا ہے، دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب 4 منزلہ عمارت میں دھماکہ ہوا ہے، جس میں 5 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے کے بعد فلاحی ادارے ایدھی اور چھیپا ایمبولینس سروس کے رضاکار موقعے پر پہنچ گئے اور انھوں نے زخمیوں کو قریبی پٹیل ہسپتال منتقل کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ شدید نوعیت کا تھا، آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔ دھماکے کا شکار ہوئی رہائشی عمارت 4 منزلہ تھی اور اس کے گراؤنڈ فلور پر ایک نجی بینک بھی واقع تھا۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کر دیا ہے، ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور لوگوں کو عمارت سے نکالا جا رہا ہے۔

دھماکے میں عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ دھماکے کے بعد عمارت میں نصب گیس کے میٹروں سے لیکیج بھی شروع ہوگئی ہے۔

پولیس کے مطابق اس دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے تین لاشیں جناح اور دو عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی ہیں جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک عورت بچہ اور گارڈ بھی شامل ہیں۔

ترجمان نجی اسپتال گلشن اقبال کے مطابق دھماکے کے 10 زخمیوں کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں گذشتہ روز بھی دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button