کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت غزہ کے اسپتال میں اسرائیلی حملے کیخلاف یکجہتی فلسطین ریلی کا انعقاد
شیعہ نیوز:اسرائیل کے غزہ میں اسپتال اور حماس قیادت کے گھروں پر حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام محفل شاہ خراسان سے نمائش چورنگی تک یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری نے کی، جبکہ ریلی میں علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ ملک عباس، فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم، اہلسنت عالم پیر معاذ علی نظامی، ناصر الحسینی سمیت بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل، امریکا اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بلند کئے۔ نمائش چورنگی پر شرکاء سے خطاب میں علامہ صادق جعفری نے کہا کہ غاصب اسرائیل نے اسپتال پر حملہ کرکے عالمی انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی بدترین پامالی کی ہے، غزہ سمیت فلسطین کے دیگر شہروں میں گزشتہ 10 روز سے مسلسل وحشیانہ بمباری ہو رہی ہے، جس میں بے گناہ بچے، عورتیں، بزرگ اور جوان بے دردی سے شہید ہو رہے ہیں اور عالمی امن کی تنظیمیں اور اقوام عالم خاموش ہے، اسرائیلی بربریت میں امریکا اور اس کے حواری برابر کے مجرم ہیں۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اب تک حکومتِ پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا ہے، انہیں کس بات کا خوف ہے، غیرت مند پاکستانی کسی صورت میں اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے، گزشتہ روز اسپتال حملے میں ایک ہزار سے زائد شہداء کا خون اسرائیل و عرب حکمرانوں کے گلے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشہ 75 سالوں میں فلسطینی عوام اسرائیلی مظالم کا شکار ہیں، ہزاروں بچے، بہنیں اور بیٹیاں امت مسلمہ کی جانب دیکھ رہی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ مسلم ممالک یک جان ہو کر فلسطینیوں کی امداد کو پہنچیں۔ علامہ صادق جعفری نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان بے گناہ فلسطینی عوام کے قتل عام پر تین روزہ سوگ کا سرکاری سطح پر اعلان کرے۔ ریلی کے اختتام پر مظاہرین نے اسرائیل و امریکا کے پرچم نذر آتش کئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ اسپتال پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بے گناہ عوام کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے 3 روزہ ملک گیر یوم سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔