فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے لیس کرار ڈرون مغربی ایران کے ایئر ڈیفنس کے حوالے کردیا گیا
شیعہ نیوز: فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے لیس کرار ڈرون ہمدان میں ایک تقریب کے دوران ملک کے مغربی ایئر ڈیفنس زون کے حوالے کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس تقریب میں 50 ہزار فٹ کی بلندی پر 600 کلومیٹر کی رینج میں پرواز کرنے والے، فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے لیس پیشرفتہ کرار ڈرون کو ، ہمدان کے گورنر نے ” یا زہرا ” کے کوڈ ورڈ کے ساتھ مغربی ایران کے فضائی دفاع کے مشن پر روانہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ ميں صیہونی چیک پوسٹوں پر زخمیوں کے قتل عام پر عالمی ادارہ صحت کا انتباہ
فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے لیس کرار ڈرون طیارے کے مشن میں، اپنی فضائی حدود میں دشمن کے اہداف کا پتہ لگاکر اس کا پیچھا کرنا اور اس کو میزائل سے نشانہ بنانا شامل ہے۔
ہمدان کے گورنر نے اس تقریب سے خطاب میں کہا کہ فضائی دفاع کے مشن میں کرار ڈرون کی شمولیت کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کا کوئی بھی علاقہ دشمن کے لئے محفوظ نہیں رہے گا اور دشمن کا پرواز کرنے والا ہر ہدف اس کے نشانے پر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارا ایئر ڈیفنس زمین پر بیس کرتا تھا لیکن اب ہمارے پاس ایئر بیسڈ فضائی دفاعی سسٹم بھی موجود ہے ۔
انھوں نے حاضرین کو بتایا کہ اس ڈرون کے سارے تجربات پوری طرح کامیاب رہے ہیں اور اس کی وجہ سے دشمن کے مقابلے میں ہماری انسدادی اور دفاعی قوت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔