غزہ ميں صیہونی چیک پوسٹوں پر زخمیوں کے قتل عام پر عالمی ادارہ صحت کا انتباہ
شیعہ نیوز: عالمی ادارہ صحت ڈبلو ایچ او کے سربراہ نے صیہونی چیک پوسٹوں پر غزہ کے زخمی بچوں اور عورتوں کے قتل عام کی بابت خبردار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صحت کی عالمی تنظیم ڈبلو ایچ او کے سربراہ ٹیڈ روس اڈھا نوم نے اپنے سوشل میڈیا کے ایکس پیج پر غزہ کے عوام کے خلاف صیہونیوں کے ایک اور گھناؤنے جرم سے پردہ اٹھایا ہے۔
انھوں نے ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ہمیں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں غزہ کے میڈیکل اسٹاف کی وسیع گرفتاری اور ان سے طولانی پوچھ گچھ پر سخت تشویش ہے کیونکہ یہ اقدام زخمیوں کے جانیں خطرے میں ڈال رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی نظر میں انسانی حقوق کی کوئی اہمیت نہیں، ایرانی وزیرخارجہ
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے ایمبولنسوں اور دوائیں لے جانے والی گاڑیوں پر صیہونی فوجیوں کی گولی باری کی بھی خبر دی ہے۔
ٹیڈروس اڈھانوم نے ایک صیہونی چیک پوسٹ پر طولانی مدت تک روکے جانے کے نتیجے میں ایمبولنس میں ایک زخمی فلسطینی کے شہید ہوجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے حالات میں بھی غزہ کے عوام کو علاج معالجے تک دسترسی کا حق حاصل ہے۔
ڈبلوایچ او کے سربراہ اس سے پہلے بھی غزہ میں علاج معالجے کے مراکز کی صورتحال کی بابت خبردار کرتے یاد دہانی کراچکے ہیں کہ یہ صورتحال مہلک بیماریاں پھیلنے کا سبب بن رہی ہے۔