پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، سات دہائیاں گزر گئیں مگر اقوام متحدہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے میں ناکام رہی، مسئلہ کشمیر صرف بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے حل ہوگا، جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر عمل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کیساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جا سکے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میںمستقل امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ مسلسل خاموشی اور بے حسی کا مرتکب ہو رہی ہے، ایک جانب مودی حکومت کے انتہاء پسندانہ اقدامات مسلسل بڑھ رہے ہیں مگر افسوس دوسری جانب اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار قابل ذکر تک نہیں رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 جنوری 1949ء میں اقوام متحدہ کے کشمیری عوام کیلئے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کے دن پر اپنے پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ 7 دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر گیا مگر اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہ کر سکی بلکہ کشمیری آج پہلے کی نسبت زیادہ مشکلات، مصائب اور مظالم سے دوچار ہیں، ایک جانب کشمیری عوام ایک عرصہ سے اپنی آزادی کی تمنا لئے ہوئے جام شہادت نوش کر رہے ہیں، تو دوسری جانب عصمت دری، پیلٹ گنز کے ذریعے نشانہ بن رہے ہیں، ریاستی جبر و ظلم کا کونسا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایا گیا ہو، مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، پاکستان جو کشمیر کا بلا مشروط وکیل ہے اس کی طر ف سے مختلف اقدامات اٹھائے گئے، بھارتی ریاستی ظلم و جبر کیخلاف جنرل اسمبلی میں خطابات، سلامتی کونسل میں قراردادیں او ر ڈوزیئرز پیش کئے گئے ہیں مگر اس کے باوجود اب تک ایسا قابل قبول ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا جو تحریک آزادی کو آگے بڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ ماسوائے جنگ کے ایسا قابل قبول اور قابل حل طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر ”جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے انتہائی ضروری مسئلہ ہے “حل ہو اور کشمیری عوام کو بھی اپنی سرزمین پر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔ افسوس اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار قابل ذکر تک نہ رہا، اس موقع پر انہوں نے کشمیری عوام کے نام کہا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت آخری دم تک کرتے رہیںگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button