دنیا

کشمیر میں یوم انسانی حقوق کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کا عالمی دن آج یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عالمی برداری کی توجہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کی جانب مبذول کرانا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یومِ انسانی حقوق یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل گزشتہ روز کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کی۔

یہ دن دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی طرف سے 10دسمبر 1948ء کو انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جو اقوام متحدہ کی ایک بڑی کامیابی تھی۔

وادی کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی جائے گی تاکہ عالمی برداری کو یاد دلایا جا سکے کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں رکوانے کیلئے اس کے موثر کردار کے منتظر ہیں۔ کشمیر میں بدترین کرفیو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

آج مسلسل 128ویں روز بھی مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ اور انٹرنیٹ سمیت دیگر پابندیاں بدستور نافذ ہیں، جس کی وجہ سے کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

24ہزار سے زائد طلباء کو انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے اہلیت کے داخلہ ٹیسٹ نیٹ کیلئے آن لائن اپلائی کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ان کا تعلیمی کیریئر تاریک ہونے کا خدشہ ہے۔ پورے بھارت میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلباء کو اعلیٰ مسابقتی ٹیسٹ نیٹ پاس کرنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ انسانی حقوق منایا جا رہا ہے، دن منانے کا مقصد عوام الناس میں انسانی حقوق کے حوالے سے شعور بیدار کرنا اور حقوق کی خلاف ورزی و استحصال کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

ہر سال 10 دسمبر عالمی یومِ انسانی حقوق منانے کے حوالے سے تاریخی حقیقت یہ ہے کہ اسی دن 1948ء میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حقوق کے عالمی معاہدے کو باضابطہ منظوری دی جبکہ 1950ء میں جنرل اسمبلی نے 10 دسمبر کے روز یومِ انسانی حقوق ہر سال عالمی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button