کرمان دہشتگردانہ حملہ اسلامی جمہوری ایران کو غیر مستحکم کرنے کا احمقانہ منصوبہ ہے، آغا سید حسن
شیعہ نیوز: جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر مولانا آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایران کے کرمان شہر میں دہشت گردانہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا یہ حملے مشرقی شہر کرمان میں سابق فوجی جرنیل شہید القدس الحاج قاسم سلیمانی کے مقبرے پر دعائیہ تقریب کے دوران ہوئے ہیں جو انسانی اصولوں کے سراسر منافی ہیں۔ آغا سید حسن موسوی نے اس سانحہ میں زائرین کی شہادتوں اور زخمیوں پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے جان بحق ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لوحقین بالخصوص رہبر معظم انقلاب حضرت امام سید علی خامنہ ای مدظلہ سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی شفایابی کے لئے دعا کی۔ مولانا آغا سید حسن نے صہیونی طاقتوں بالخصوص اسرائیل پر تنقید کی اور کہا کہ یہ حملہ جمہوریہ اسلامیہ ایران کو غیر مستحکم کرنے کا احمقانہ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتیں ایران کو داخلی طور پر ہراساں کرنے کے بزدلانہ نسخے آزما رہی ہیں۔ آغا سید حسن موسوی نے کہا کہ انشاء اللہ انقلاب اسلامی ایران عظیم الشان اور مثالی ارتقاء کی منزلیں طے کرتا رہے گا اور دشمنوں کی سازشیں پہلے حربوں کی طرح ناکام ہوں گے۔